نئی دہلی،24نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بی سی سی آئی نے آج تصدیق کی کہ ہندوستانی خاتون ٹیم ہفتے کے روز سے بینکاک میں شروع ہو رہے ایشیا کپ میں حصہ لے گی لیکن اس براعظم مقابلہ میں روایتی حریف پاکستان سے کھیلنے کو لے کر غیر یقینی صورتحال بنی ہوئی ہے۔بی سی سی آئی کے جوائنٹ سکریٹری امیتابھ چودھری نے آج کہا کہ اب تک کی صورت حال کے مطابق ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ میں حصہ لے گی لیکن یہ نہیں بتا سکتا کہ ہندوستان پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں۔ہندوستان اتوار کو میزبان تھائی لینڈ کے خلاف ٹورنامنٹ کا ابتدائی میچ کھیلنے کے بعد 29نومبر کو پاکستان سے بھڑے گا۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل پہلے ہی یکم اگست سے 31اکتوبر کے درمیان آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کے ایک حصے کے کے طور پر پاکستان سے تین میچ نہیں کھیل پر ہندوستانی خاتون ٹیم کے چھ پوائنٹس کاٹ چکا ہے۔بی سی سی آئی اس اقدام سے ناراض ہے۔اس درمیان بی سی سی آئی صدر اور سیاستدان انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ سرحد پار دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں ہے۔ہندوستان کی مرد اورخواتین دونوں ٹیمیں آخری بار پاکستان سے مارچ اپریل میں وطن میں ورلڈ ٹی 20چمپئن شپ میں بھڑی تھی۔